پاک بحریہ اپنی افرادی قوت کو بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانے کے لئے کوشاں ہے، چیف آف دی نیول اسٹاف

کراچی ۔ 19 جنوری (اے پی پی) پاک بحریہ کی لاجسٹکس کمانڈ کی تقسیم ایوارڈز کی سالانہ تقریب جمعہ کو پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ تقسیم ایوارڈ کی تقریب ہر سال منعقد کی جاتی ہے جس کا مقصد لاجسٹکس کمانڈ کے تحت کام کرنے والے یونٹس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینا اور مختلف …

کراچی ۔ 19 جنوری (اے پی پی) پاک بحریہ کی لاجسٹکس کمانڈ کی تقسیم ایوارڈز کی سالانہ تقریب جمعہ کو پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ تقسیم ایوارڈ کی تقریب ہر سال منعقد کی جاتی ہے جس کا مقصد لاجسٹکس کمانڈ کے تحت کام کرنے والے یونٹس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینا اور مختلف منصوبوں کی کامیاب تکمیل میں ان کی کوششوںکو سراہنا ہے۔ پاک بحریہ سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کی لاجسٹکس کمانڈ کو اپنے پیشہ ورانہ امور انتہائی خوش اسلوبی سے انجام دینے پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ لاجسٹکس کمانڈ کی اس بے لوث محنت اور لگن کا اندازہ سال 2017ءکے دوران پاک بحریہ کے جہازوں اور آبدوزوں کی ہمہ وقت دستیابی اور متعدد ملکی و غیر ملکی بحری مشقوں میں بروقت شمولیت سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ جب بھی ہم کسی امداد پر انحصار کرتے ہیں تو خود انحصار ی کے حصول کا جذبہ ماند پڑنے لگتا ہے، ہم دفاعی خود انحصاری کے حصول کے لئے کوشاں ہیں اور اس ضمن میں کئے جانے والے اقدامات ہمارے قومی وقار کا مظہر اور سروس کے لئے ہماری محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ایڈمرل ظفر محمود نے مزید کہا کہ بیرونی دباﺅ کے باوجود ہمیں اپنے اندرونی مسائل کو دانشمندی سے حل کرنے اور ایک مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔