پاک بحریہ نے دفاع وطن اور ملکی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ہمیشہ عزم، جرأت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق
پاک بحریہ نے دفاع وطن اور ملکی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ہمیشہ عزم، جرأت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

مزید خبریں
اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاک بحریہ کے شہداء و غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ نے دفاع وطن اور ملکی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ہمیشہ عزم، جرأت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ یوم بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں پاک بحریہ کے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں اور خدمات کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے 1965ء کی جنگ میں پاک بحریہ کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن دوارکا پاک بحریہ کی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے جس میں دشمن کی اہم ساحلی تنصیبات اور ریڈار سٹیشن کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ کے دوران آبدوز غازی نے بحری محاذ پر اپنی آپریشنل ذمہ داریاں موثر انداز میں انجام دیتے ہوئے دشمن کی بحری نقل و حرکت کو محدود کئے رکھا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے ملکی سمندری حدود کے تحفظ اور قومی دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی دفاع اور سلامتی کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی مشترکہ پیشہ ورانہ صلاحیت، باہمی تعاون اور قومی جذبے نے ثابت کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی معیشت، تجارت اور تزویراتی سلامتی میں سمندری راستوں کی بنیادی اہمیت کے پیشِ نظر پاک بحریہ کا کردار ا نتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاک بحریہ ملک کی سمندری حدود اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے قابل تحسین خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک بحریہ کے شہداء، غازیوں اور بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیوں اور خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھے گی۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور پاکستان کو امن، سلامتی اور ترقی و خوشحالی عطا فرمانے کی دعا کی۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے یوم بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے شہداء و غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں نے جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے کی لازوال داستانیں رقم کیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن دوارکا پاک بحریہ کی تاریخ کا ایک یادگار باب ہے جس نے دشمن کے خلاف ہماری بحری قوت کی صلاحیت اور عزم کو نمایاں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم بحریہ ہمیں اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہم متحد رہیں گے۔
ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے ملکی سمندری حدود کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ میں موثر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج وطن کے دفاع کے لیے ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ قوم اپنے شہداء کی خدمات و قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور پاکستان کو امن، سلامتی اور استحکام عطا فرمانے کی دعا کی۔








