پاک بحریہ نے مینگرووز اگاو مہم 2021 کا آغاز کر دیا

206
پاک بحریہ نے مینگرووز اگاو مہم 2021 کا آغاز کر دیا
پاک بحریہ نے مینگرووز اگاو مہم 2021 کا آغاز کر دیا

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):پاک بحریہ نے صوبہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں مینگرووز کے پودے لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے پورٹ بن قاسم کے علاقے میں تیمرکا پودا لگا کر پاک بحریہ کی مینگرووز اگاؤ مہم 2021 کا افتتاح کیا۔

مینگرووز ساحلی ماحولیاتی نظام ، سمندری کٹاو کی روک تھام اور آبی حیات کے بچاو کے لئے ناگزیر ہیں۔ میری ٹائم ڈومین کا ایک اہم شراکت دارہونے کے ناطے اور آبی حیات کے لئے مینگرووز کی اہمیت کے پیش نظر پاک بحریہ نے ساحل کے ساتھ ساتھ مینگرووز کے جنگلات کی ازسرنو بحالی کے لئے اس ضمن میں اہم قدم اٹھایا ہے۔

آلودگی کے خاتمے ، ساحلی کٹاؤ کا مقابلہ کرنے اور ساحلی عوام کو معاشی ترقی کے متعدد مواقع فراہم کرنے میں مینگرووز کے جنگلات کی ایک خاص اہمیت ہے اور اس کی افزائش پاک بحریہ کے ماحول بچاو پروگرام کا ایک اہم جزو ہے جس کے تحت پاک بحریہ نے انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر محکمہ جنگلات سندھ اور بلوچستان کے اشتراک سے شاہ بندر سے جیوانی تک ستر لاکھ سے زیادہ مینگروز کے پودے اُگائے ہیں۔