اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):پاک بحریہ نے یوم دفاع عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا۔ یہ دن ہماری مسلح افواج، شہداء، غازیوں اور قومی ہیروز کی عظیم قربانیوں کی یادمیں منایا جاتا ہے جوکہ 1965 کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے دشمن کی کھلی جارحیت کو پسپا کیا اور عوام کی مددسے اس کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
یہ دن مادر وطن کے دفاع کے لیے ہمارے اتحاد، قربانی کے جذبے اور قوم اور مسلح افواج کے ناقابل تسخیر رشتے کومظبوط کرتا ہے کہ ہم مصیبت اور جنگ کا سامنا کرنے کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔امیرالبحر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ جنگی تیاریوں، بحری دفاع کو یقینی بنانے اور قومی ترقی کے اقدامات میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ دن کا آغاز بحریہ کی تمام مساجد میں خصوصی عبادات سے ہوا جس میں ملکی سا لمیت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔1965 کی جنگ کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔
چیف آف سٹاف وائس ایڈمرل نوید اشرف نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی۔ مختلف فیلڈ کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں بھی شہداء کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
بحریہ کے تمام یونٹس اور تنصیبات میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں جہاں کمانڈنگ آفیسرز نے افسران اور جوانوں کے اجتماعات سے خطاب کیا اور اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ تمام بحری جہاز اور یونٹس کی بحری روایات کے مطابق تزئین و آرائش کی گئی۔ دن کی دیگر سرگرمیوں میں پاک بحریہ کے یونٹس مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔