پاک بحریہ نے یوم ِ پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا

74

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):پاک بحریہ نے یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور وطن عزیز کی سالمیت اور استحکام کے لیے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا۔ یوم پاکستان پر پاک بحریہ کے تمام جہازوں اورتنصیبات میں روایتی انداز میں پرچم کشائی کی تقریبات اور چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔

بدھ کو پاک بحریہ کے ترجمان کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کو اپنی عظیم قیادت کے وژن کے تحت منزل کے حصول کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی یاد دہانی کے لیے منایا جاتا ہے۔ اس دن مسلمانان بر صغیر نے ایک علیحدہ وطن کے مطالبے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تاکہ وہ برصغیر میں مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرسکیں۔

ہر سال یہ دن اس عہد کی تجدید کرتا ہے کہ ہم ایک متحد اور مضبوط قوم ہیں جو ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر دم تیار ہے۔ یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ میں پاک بحریہ کا چاق و چوبند دستہ شامل تھا جس میں پاک بحریہ کی خواتین افسران، سپیشل سروسز گروپ (نیوی) اور پاک بحریہ بینڈ نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں پاک بحریہ کے جہازوں P3C Orion، Z-9 EC اور سی کنگ ہیلی کاپٹروں نے پریڈ کے دوران شاندار فلائی پاسٹ کامظاہرہ کیا۔ سپیشل سروسز گروپ (نیوی) کے پیراٹروپرز پر مشتمل پاکستان نیوی سی ایگل کی ٹیم ٹرائی سروسز سکائی ڈائیونگ ٹیم کا حصہ تھی۔

ٹیم نے مختلف فری فال جمپنگ تکنیکوں کی نمائش کی جس میں پیچیدہ حربے اور کامیابی سے اہداف پر اترنا شامل تھا۔ دن کی دیگر سرگرمیوں کے دوران اورماڑہ اور گوادر میں مقامی ماہی گیروں کی بوٹ ریس، مباحثوں کے مقابلے اور بحریہ کالجز کے طلباء کی جانب سے پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

دریں اثنا صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کے لیے اعزازات کی منظوری دی جس میں 3 ہلال امتیاز (ملٹری)، 7 ستارہ امتیاز (ملٹری)، 5 تمغہ امتیاز (ملٹری) اور ایک تمغہ بسالت شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی شاندار کارکردگی پر چیف آف دی نیول سٹاف کی جانب سے 40 ستائشی اسناد کا اعلان بھی کیا گیا۔ بحرین میں HQ NAVCENT میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان کی قیادت میں کمانڈ ٹاسک فورس -150 (CTF-150) نے یوم پاکستان روایتی جوش و خروش سے منایا۔ تقریب میں شراکت دار ممالک کے افسران، جوانوں اور سینئر بحری نمائندوں نے شرکت کی۔