اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):پاک بحریہ نے اتوار کو ترکی کے شہر کیناکلے میں منعقدہ آٹھویں کثیر القومی خصوصی آپریشنز مشق ”نصرت 2021“ میں حصہ لیا۔ ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ترک حکام کے زیر انتظام مشق میں پاکستان نیوی کی ایکسپلوسیو آرڈیننس ڈسپوزل (ای او ڈی) ٹیم نے دیگر ممالک کی ٹیموں کے ساتھ مشق میں حصہ لیا۔
مشق میں آذربائیجان، بنگلہ دیش، بیلجیم، بلغاریہ، جرمنی، عراق، لیبیا، عمان، جمہوریہ کوریا، رومانیہ اور تنزانیہ کی ٹیموں نے شرکت کی۔ نیٹو کی مائن کاونٹر میجر (ایم سی ایم) گروپ، نیٹو سینٹر فار میری ٹائم ریسرچ اینڈ ایکسپیریمینٹیشن کے نمائندوں نے بھی مشق میں حصہ لیا۔
اس مشق کو اسپیشل آپریشن فورسز (ایس او ایف) کے دائرہ کار میں پیشہ ورانہ مہارت کے تبادلے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا جس کا مقصد ہم آہنگی کو فروغ دینا، عسکری تعلقات کو مضبوط بنانا اور شریک ممالک کی اسپیشل آپریشن فورسز کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانا ہے۔
کثیر القومی مشق میں پیشہ وارانہ مہارتوں پر توجہ مرکوز کی گئی جس میں میری ٹائم دائرہ کار میں زیر آب ای او ڈی آپریشنز اور مائنز کائونٹر کارروائیاں شامل ہیں۔ کثیر القومی مشقوں کے دوران حاصل ہونے والا پیشہ ورانہ تجربہ مشترکہ خطرات کے خلاف مشترکہ آپریشنز کے انعقاد میں فائدہ مند ثابت ہوگا اور مشق میں شریک ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ ہوگا۔