اسلام آباد ۔ 2 فروری (اے پی پی) پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ رواں ماہ (فروری میں) پاک بحریہ کی چھٹی کثیر القومی مشق امن 2019 ء کا انعقاد ”امن کے لیے متحد” کے نصب العین کے تحت ہو رہا ہے ، اس حوالے سے پاکستان ریلوے کی ٹرینوں کو مشق امن 2019ء کے بینرز سے سجا کر روانہ کیا گیا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ٹرین کی روانگی سے قبل کینٹ سٹیشن کراچی پر پاک بحریہ کے بینڈ نے ملی نغموں کی خصوصی دھنیں پیش کیں۔انھوں نے بتایا کہ مشق امن میں چالیس سے زائد ممالک بحری اثاثوں اور مندوبین کے ساتھ شرکت کررہے ہیں، امن بینرز آویزاں کی ہوئی ٹرین کا مقصد اندرون ملک امن کا پیغام دینا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور ہم سب امن کے قیام اور فروغ کے لیے متحد ہیں ۔