پاک بحریہ کے جہاز طغرل کا سری لنکا کی بندرگاہ کا دورہ، بحری مشق لائن اسٹار میں شرکت

127
پاک بحریہ کے جہاز طغرل کا سری لنکا کی بندرگاہ کا دورہ، بحری مشق لائن اسٹار میں شرکت

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):پاک بحریہ کے جہاز طغرل نے پاکستان کا پرچم لہراتے ہوئے جذبہ خیر سگالی کے تحت کولمبو سری لنکا کا دورہ کیا،

بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے جہاز طغرل کاسری لنکا میں پاکستان کے سفیر اور سری لنکا کی بحریہ کے حکام نے استقبال کیا۔پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق بندرگاہ کے دورے کے دوران پی این ایس طغرل کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن شاہد احمد نے سری لنکن نیوی کے ویسٹرن نیول ایریا کمانڈر سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔کمانڈنگ آفیسرنے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے سری لنکا کی عوام کے لئے بالعموم اور سری لنکا کی بحریہ کے لئے بالخصوص نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

دورے کے اختتام پر پی این ایس طغرل نے مشترکہ بحری آپریشنز اور روابط کے فروغ کے لیے سری لنکا کی بحریہ کے جہاز کے ساتھ دو طرفہ مشق لائن اسٹار میں شرکت کی۔ پی این ایس طغرل کا حالیہ دورہ ِ سری لنکا دونوں ممالک کے مابین دفاعی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔