پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کاتیونس کا دورہ

54

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے (بمعہ ہیلی کاپٹر) عالمی سمندروں میں تعیناتی کے دوران تیونیس کا دورہ کیا۔ بندرگاہ لا گولیٹ آمد پر تیو نس بحریہ کے جہاز، تیونس کوسٹ گارڈ کی پٹرول بوٹس، پاکستان کے دفاعی اتاشی اور تیونس کی بحریہ کے افسران نے جہاز کا استقبال کیا۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران، مشن کمانڈر کموڈور سیّدرضوان خالد نے کمانڈنگ آفیسر پی این ایس ذوالفقار کیپٹن رائو احمد عمران انور کے ہمراہ تیونس کے کمانڈر نیشنل کوسٹ گارڈ کمانڈر جمال الوئے سے ملاقات کی۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور علاقائی امن اور سمندری تحفظ میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا گیا۔ مشن کمانڈر نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے عمومی طور پر تیونس کی عوام اور خصوصاً تیونس کی بحریہ اور کوسٹ گارڈ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پی این ایس ذوالفقار کا تیونس کا یہ دورہ دونوں مسلم برادر ممالک کے درمیان سفارتی اور دفاعی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔