اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے اطالوی بحری جہاز ITS CARABINIEREکے ہمراہ خلیج عدن میں بحری مشق میں حصہ لیا۔اس مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین باہمی آپریشنز کی استعداد بڑھانا اورتعلقات مضبوط کرنا تھا۔ مشقوں میں میری ٹائم آپریشنز ، کراس ڈیک لینڈنگ اور دیگر سرگرمیاں شامل تھیں جن سے جہاز پر موجود عملے کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ خطے میں تعینات جہازوں کے مابین تعاون کو فروغ ملے گا۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق پی این ایس سیف خلیج عدن اور شمالی بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے لئے تعینات ہے اورخطے کے ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے فروغ کے لئے دقم(عما ن) کا دورہ بھی کرے گا۔
پاک بحریہ بحرہند میں سیکیورٹی اور امن کے پائیدار قیام کے لئے مسلسل کوشاں ہے اور پاک بحریہ کے جہاز خلیج عمان ، شمالی بحیرہ عرب اور خلیج عدن میں بحری سیکیورٹی آپریشنز کے لئے مسلسل تعینات رہتے ہیں۔ دو طرفہ اور کثیرالملکی مشقوں میں پاک بحریہ کی شرکت خطے میں امن، استحکام اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔