اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی)پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے ترکی کی بندرگاہ اکساز کا دورہ کیا اور دو طرفہ بحری مشقوں ماوی بالینا او ر دوسری پاک ترک باہمی مشق میں حصہ لیا۔ان مشقوں کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ حربی، فنی اور عملی صلاحیتوں کے فروغ کے ذریعے آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔ پی این ایس سیف جدید اسلحے اور سنسرز سے لیس میری ٹائم آپریشنز میں مختلف النوع خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اکساز کی بندرگاہ آمد پرترکی میں تعینات پاکستان کے نیول اتاشی اور ترک بحریہ کے افسران نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔ مشق ماوی بالینا تین مراحل ہاربر، سی فیز اور تجزیاتی / ڈی بریف فیز پر مشتمل تھی۔مشق کا ہاربرفیز 27 سے 29 ستمبر تک اکساز ترکی میں منعقد کیا گیا جس کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین بات چیت کے مواقع فراہم کرنا اور پری سیل کانفرنسز، کوآرڈینیشن میٹنگز اور کمیونیکیشن چیکس کا انعقاد تھا۔