اسلام آباد ۔ 20 جون (اے پی پی)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ بحر پیمائی کا عالمی دن منانے کا مقصد انٹر نیشنل ہائیڈرو گرافک آرگنائزیشن کے کام کی موزوں تشہیر کرنا اورتمام ممالک کو اس آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر کھلے سمندروں ، بندر گاہوں اور دیگر محفوظ میرین علاقوں میں بلا خوف و خطر جہاز رانی کو فروغ دینے پر زور دینا ہے۔ اس دن کے لئے ہر سال انٹر نیشنل ہائیڈروگرافک آرگنائزیشن عالمی میر ی ٹائم اُمور میں ہائیڈرو گرافی کی خدمات سے متعلق مخصوص موضوع کا انتخاب کرتی ہے اور اس سال کا موضوع’تہہ سمندر کی پیمائش۔سمندروں اور بحری راستوں کے پائیدار حقائق کی بنیاد“۔اپنے پیغام میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ اس دن کے موقع پر منعقدہ سالانہ تقریبات ہائیڈرو گرافی کی افادیت کو اُجاگر کرتی ہیں۔ ہائیڈرو گرافی سمندروں سے منسلک ہر سر گرمی کو بیان کرتی ہے جس میں محفوظ جہاز رانی، اقتصادی ترقی، سکیورٹی اور دفاع، سائنسی تحقیق، ماحولیاتی تحفظ، بندرگاہوں کی تعمیر ،وسائل کی دریافت، مربوط کوسٹل زون مینجمنٹ ، آفات کی روک تھام اور بحری حدود کی نشاندہی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ساحلی ریاست ہے جس کو قدرت نے ایک ہزار سے زائد کلو میٹر ساحلی پٹی اور تقریباً دو لاکھ نوے ہزار مربع کلو میٹر سمندرسے نوازا ہے ۔