پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ

پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):پا کستان اوربنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں بنگلہ دیش کوپاکستان کی برآمدات میں 45 فیصد اوربنگلہ دیش سے درآمدات میں 12.58 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اپریل 2022 تک کی مدت میں بنگلہ دیش کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 720.85 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو پیوستہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 45 فیصدزیادہ ہے،

مالی سال 2021کی اسی مدت میں بنگلہ دیش کوبرآمدات سے ملک کو497.55 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا، اپریل2022 میں بنگلہ دیش کوپاکستانی برآمدات کاحجم 58.93 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جومارچ میں 89.80 ملین ڈالر اورگزشتہ سال اپریل میں 71.91 ملین ڈالرتھا،مالی سال 2021 میں بنگلہ دیش کوبرآمدات سے ملک کو616.20 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال2022 کے پہلے 10 ماہ میں بنگلہ دیش سے درآمدات میں پیوستہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 12.58 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے، جولائی سے اپریل 2022 تک کی مدت میں بنگلہ دیش سے 76.96 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی جو پیوستہ مالی سال کی اسی مدت میں 68.36 ملین ڈالرتھیں،

اپریل میں بنگلہ دیش سے درآمدات کاحجم 4.34 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جومارچ میں 5.59 ملین ڈالراورگزشتہ سال اپریل میں 6.62 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2021 میں بنگلہ دیش سے درآمدات پر76.13 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔