پاک بنگلہ دیش وزرائے داخلہ کی ملاقات، سائبر کرائمز کے خاتمے، پولیس ٹریننگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ان کے بنگلہ دیشی ہم منصب صلاح الدین احمد نے ملاقات کی۔

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ان کے بنگلہ دیشی ہم منصب صلاح الدین احمد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت داخلہ کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر پولیس افسران کی جدید خطوط پر ٹریننگ اور ایکسچینج پروگرامز شروع کرنے کے حوالے سے بھی اہم گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک نے دورِ حاضر کے بڑے چیلنجز، خصوصاً سائبر کرائمز اور آن لائن فراڈ کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور اشتراک کار بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ملاقات میں ایران امریکا تنازعہ اور مشرق وسطیٰ کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کے لیے ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا ہے۔ ہمیں باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے سامنے آنے والے نئے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔