پاک جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ سیریزکیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا آغازاتوار سے ہو گا

151
پاک جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ سیریز

کراچی۔ 26 اگست (اے پی پی):پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کی ٹکٹیں 100 روپے میں دستیاب ہوں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سے ہفتہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کی ٹکٹوں کی فروخت کے طریقہ کار اور ان کی قیمتوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ سیریز یکم سے 14 ستمبر تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل یکم، 3اور 4ستمبر کو کھیلے جائیں گے جو شام ساڑھے سات بجے شروع ہوں گے جبکہ تین ون ڈے انٹرنیشنل 8،11اور 14ستمبر کو ساڑھے تین بجے سہ پہر شروع ہوں گے۔آن لائن ٹکٹیں (کل) اتوار کو دوپہر بارہ بجے سے Pcb.bookme.com پر دستیاب ہوں گی۔اس کے علاوہ میچ کے دنوں میں شائقین اسٹیڈیم کے باکس آفس سے بھی یہ ٹکٹیں خرید سکیں گے۔شائقین کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کے لیے فضل محمود، حنیف محمد اور جاوید میانداد انکلوژرز میں ٹکٹوں کی قیمتیں مناسب رکھی گئی ہیں۔ ان تینوں انکلوژرز میں پہلے اور دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے لیے ٹکٹ کی قیمت 100 روپے مقرر کی گئی ہے

جبکہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے لیے ٹکٹ 150 روپے میں دستیاب ہوگی۔اسی طرح پہلے اور دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ٹکٹ 100روپے کی ہوگی جبکہ تیسرے ون ڈے میں یہ قیمت 150روپے ہوگی۔ ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ چار ٹکٹیں خریدی جاسکیں گی۔ڈائریکٹر کمرشل عثمان وحید نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم پہلی بار پاکستان آرہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شائقین اس سیریز کا حصہ بنیں، اسی لیے ان ٹکٹوں کی قیمتیں شائقین کی گنجائش کے مطابق رکھی گئی ہیں

۔انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنی فیملیز کے ساتھ ان میچز میں آئیں گے اور دونوں ٹیموں کے بہترین کھیل سے لطف اندوز ہوں گے۔ویمنز کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک نے بھی اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ شائقین ٹکٹ خرید کر تاریخی نیشنل اسٹیڈیم میں آئیں گے، انہیں یقین ہے کہ یہ چھ دن انٹرنیشنل کرکٹ کے یادگار دن ثابت ہوں گے۔تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ خوشی کی بات ہے کہ ہم سولہ ماہ کے دوران خواتین کرکٹ کی تیسری سیریز کی میزبانی کررہے ہیں۔ یہ محض میچز نہیں ہیں بلکہ یہ سیریز ہماری کھلاڑیوں کی محنت اور ٹیلنٹ کی عکاسی بھی کرتی ہے اور یہ کھلاڑی اپنے شائقین کے سامنے اپنی مہارت دکھانے کے لیے تیار ہیں۔