راولپنڈی۔6نومبر (اے پی پی):پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ (آج) ہفتہ کو راولپنڈی میں ہوگا۔ دونوں ٹیموں نے تیاریوں کوحتمی شکل دے دی۔ قومی ٹیم کے لیگ سپنر شاداب خان پہلے ٹی 20 میچ میں شامل نہیں ہوں گے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہاہے کہ سیریز میں مثبت کرکٹ کھیلیں گے۔ہم سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے امتزاج کے ساتھ گراونڈ میں اتریں گے۔ زمبابوے کے کپتان چھبابا نے کہا کہ ہم آخری ون ڈے میچ میں اچھا کھیلے‘ زمبابوین ٹیم اچھے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے‘ ہم ٹی 20 سیریز میں فتح کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ گرین شرٹس نے زمبابوے کے خلاف اب تک کھیلے گئے تمام 11 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔