اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان منفرد وغیر معمولی آہنی دوستی پر محیط ہمہ جہت تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پاک ـ چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ جمعہ کو شایان شان طریقے سے منائی گئی۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصبوں کو تہنیتی خطوط لکھے جبکہ چین کے صدر شن جن پنگ، چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ اور چین کے وزیر خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کو تہنیتی خطوط لکھے۔ سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کی مناسبت سے جمعہ کو دونوں ممالک میں مختلف سطح پر شایان شان تقریبات منعقد کی گئیں جبکہ اسلام آباد میں چینی سفارتخانہ کی جانب سے خصوصی استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی، چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے خطاب کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے چینی صدر شی جن پنگ کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے دور میں پاکستان اور چین کے مشترکہ مستقبل کیلئے قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا جہاں چین اور پاکستان کے ڈیڑھ ارب لوگوں کی دوستی سے دنیا کو امن و ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور چین نہ صرف سفارتی طور پر ایک دوسرے کے قریب ہیں بلکہ ہمارے تعلقات سیاسی اور معاشی جہتوں سے کہیں آگے ہیں، 1950ءمیں پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون سے ہمارے تعلقات کا آغاز ہوا تھا، 1966میں یہ اسٹریٹجک تعلقات میں تبدیل ہوئے جبکہ 1972ءمیں معاشی تعلقات میں بدلے، اب پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کا انتہائی جامع فریم ورک موجود ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان پوسٹ کی طر ف سے جاری پہلے یادگاری ٹکٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 70 برسوں پر مشتمل پاک چین دوستی ہمارا سب سے عظیم قومی اثاثہ ہے، چین ہمارا سب سے دیرینہ دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں وطن عزیز کا ساتھ دیا، مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ہر فورم پر پاکستان کے موقف کی حمایت پر ہم چین کی قیادت اور چینی سفارتخانے کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر جو یادگاری ٹکٹ پاکستان پوسٹ جاری کر رہا ہے، یہ اس فقیدالمثال دوستی کی ایک یادگار ہے۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر 70 روپے کے یادگاری سکے کے اجرا کی بھی منظوری دی ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے سیاسی، عوامی اور سفارتی سطح پر مختلف سرگرمیوں سمیت تقاریب کا سلسلہ پورا سال جاری رہے گا ۔تاریخ کا اہم سنگ میل عبور کرنے کے اس موقع کو بھرپور انداز میں منایاجائے گا۔ پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے سلسلے میں تقریبات کا باقاعدہ آغاز پاکستان اور چین نے رواں سال یکم مارچ کو کیا تھا جب دونوں ممالک کے وزرا خارجہ نے بیک وقت بیجنگ اور اسلام آباد میں منعقدہ ورچوئل تقریب میں اعلی ٰ حکام کے ہمراہ شرکت کی تھی۔
اس موقع پر پاک۔چین دوستی کے تاریخی پس منظر میں ایک ”لوگو” (علامتی نشان) بھی جاری کیاگیا تھا۔ یاد رہے کہ 21مئی 1951کو پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے مابین باضابطہ سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے اور گزشتہ 70 سال کے دوران مختلف سماجی نظام،تاریخ اور ثقافت کے باوجود پاک چین تعلقات نے دنیا اور بالخصوص خطے میں مثالی حیثیت اختیار کی اور یہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مستحکم سے مستحکم ہوتے جارہے ہیں۔