پاک فضائیہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل میں تواتر کے ساتھ خدمات فراہم کر رہی ہے، ترجمان پاک فضائیہ

97

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):سیلابی پانی نے بلوچستان، سندھ، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں متعدد قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ سیلاب متاثرین کو فوری خوراک، طبی امداد اور خشک راشن کی اشد ضرورت ہے۔

پاک فضائیہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ریسکیو اور ریلیف کے عمل میں زیادہ سے زیادہ حصہ لے رہی ہے۔ پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹر لوگوں کے محفوظ انخلاء کے ساتھ ساتھ خوراک اور طبی سامان کی نقل و حمل میں بھی سرگرم عمل ہیں۔ مسلسل خوراک اور طبی امداد فراہم کرنے کے لیے فلڈ ریلیف کیمپ اور سیف ٹینٹ سیٹیز قائم کی گئی ہیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی ٹیموں نے 26125 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 1000 پانی کی بوتلیں، بنیادی اشیائے خوردونوش پر مشتمل 2475 خشک راشن کے پیکٹ ضرورتمند خاندانوں میں تقسیم کئے ہیں اس کے ساتھ 1437 خیمے لگائے گئے ہیں جو 11720 افراد کو امداد فراہم کر رہے ہیں، جبکہ مفت خوراک اور رہائش کے علاوہ پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں 2810 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔