پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے خصوصی اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے، وزیر دفاع  

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے خصوصی اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی اعتماد پر مبنی ہیں اور تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ وہ جمعرات کو سعودی عرب کی وزارت دفاع کے ٹرانسفارمیشن مینجمنٹ آفس کے سی ای او ڈاکٹر سمیر عبدالعزیز الطبیب سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وفد کے ہمراہ یہاں وزیر دفاع سے ملاقات کی ۔

خواجہ محمد آصف نے سعودی عرب کی جانب سے عالمی دفاعی شو کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان بدلے ہوئے علاقائی ماحول سے آگاہ ہے ، پاکستان ، مملکت کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔وزیر دفاع نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی ترقی کا مقصد پورے خطے کو مربوط کرنا ہے جس سے سعودی عرب کو جنوبی ایشیا اور چین کے ساتھ تجارت کرنا بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔سی ای او نے پاکستان کی حمایت اور مدد کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر امت مسلمہ سے متعلق مسائل کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔