پنجاب اسمبلی پاکستان کی پہلی مکمل ڈیجیٹل اور پیپر لیس صوبائی اسمبلی بن گئی
پنجاب اسمبلی ملک کی پہلی مکمل ڈیجیٹل اور پیپر لیس صوبائی اسمبلی بن گئی
لاہور۔7جون (اے پی پی):پنجاب اسمبلی پاکستان کی پہلی مکمل ڈیجیٹل اور پیپر لیس صوبائی اسمبلی بن گئی،ارکان کو اب ایجنڈا اور دیگر دستاویزات کی پرنٹ شدہ کاپیاں فراہم نہیں کی جائیں گی بلکہ اسمبلی ہال میں نصب جدید ٹیبلیٹس کے ذریعے تمام پارلیمانی امور انجام دیئے جائیں گے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اتوار کے روز اسمبلی ہال میں نصب جدید ٹیبلیٹس کا تفصیلی جائزہ لیا اور ڈیجیٹلائزیشن کے اس اقدام کو پارلیمانی نظام میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔یورپی یونین کے آئی پی فائیو (IP-5) پروگرام کے تحت پنجاب اسمبلی کو380 جدید ٹیبلیٹس فراہم کئے گئے ہیں جن کے ذریعے آئندہ اسمبلی اجلاس مکمل طور پر پیپر لیس ماحول میں منعقد ہوں گے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ارکان اسمبلی کو قانون سازی، ایجنڈا، بلز، قراردادوں اور دیگر تمام پارلیمانی دستاویزات ڈیجیٹل انداز میں فراہم کی جائیں گی۔اس اقدام سے اسمبلی کارروائی مزید موثر، شفاف اور تیز رفتار ہوگی جبکہ وقت، وسائل اور سرکاری اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پیپر لیس اسمبلی کے قیام سے سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ممکن ہوگی جبکہ کاغذ کے استعمال میں نمایاں کمی کے باعث ماحولیاتی تحفظ اور گرین پارلیمنٹ کے وژن کو بھی عملی تقویت ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ارکان اسمبلی کی معلومات تک رسائی، سہولت اور قانون سازی کے عمل میں مزید بہتری آئے گی۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹل دور میں داخل ہو چکی ہے اور پارلیمانی اداروں کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح پرنٹنگ پریس نے اپنے دور میں علم و معلومات کی دنیا میں انقلاب برپا کیا تھا،اسی طرح ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نئے عہد کی ایک بڑی انقلابی تبدیلی ہے جو حکومتی امور میں شفافیت، کارکردگی اور موثر طرز حکمرانی کو فروغ دے گی۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب اسمبلی جدید،ماحول دوست اور ٹیکنالوجی سے آراستہ پارلیمان کے طور پر دیگر سرکاری اداروں کے لیے بھی ایک مثالی ماڈل ثابت ہوگی۔








