ریڈیو پاکستان ایف ایم 101 سرگودھا سے پنجابی مشاعرہ نشر کیا گیا۔
ریڈیو پاکستان ایف ایم 101 سرگودھا سے پنجابی مشاعرہ نشر ،معروف شعرا نے شرکت کی
سرگودھا۔ 07 جون (اے پی پی):ریڈیو پاکستان ایف ایم 101 سرگودھا سے پنجابی مشاعرہ نشر کیا گیا۔ پروگرام کی میزبان منزہ انور گوئندی اور پروڈیوسر فریحہ کنول تھیں جبکہ شعرائے کرام میں مومن ہاشمی ، وصی شاہ،اقبال حسن کاظمی ، عابدہ نذر ، عرفان عاتب ، نیر عباس اور حسن نواز آفتاب شامل تھے ۔
منزہ گوئندی نے اس پروگرام کی کمپیرنگ پنجابی زبان میں کی۔ یہ پروگرام تین حصوں ہر مشتمل تھا ۔ پہلے حصے میں پنجابی نعتیہ کلام اور سوز و سلام پیش کیا کیا ، درمیانی حصے میں پنجابی زبان کی اہمیت اور افادیت کے حوالے سے گفتگو نشر کی گئی شریک گفتگو مومن ہاشمی تھے ۔ گفتگو کے آغاز میں منزہ گوئندی نے کہا کہ پنجابی زبان دنیا کی قدیم ترین اور وسیع پیمانے پر بولی جانے والی زبان ہے اور اس میں صوفیا کے لازوال ادبی و روحانی خزانے موجود ہیں، یہ لوک کہانیوں اور روایتی تہواروں کو نسل در نسل منتقل کرتی آئی ہے جس سے زبان و ادب پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ مومن ہاشمی نے کہا کہ نوجوان نسل کو گرمکھی میں لکھنا چاہیے کیونکہ یہ عالمی سطح پر بیرون ملک بسنے والے پنجابیوں کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کسی بھی زبان کو مذہب سے منسلک نہیں کرنا چاہیے ۔ شاہ مکھی اور گرمکھی پنجابی میں علم حکمت اور دانش کے خزانے موجود ہیں جن سے استفادہ کرنا آج کے دور کی اہم ضرورت ہے ۔ علاؤہ ازیں پروگرام کے تیسرے حصے میں پنجابی مشاعرہ نشر کیا گیا جو غزل ، رباعی اور دو ہڑوں پر مشتمل تھا۔ شرکائے محفل نے اپنا کلام بھرپور انداز میں پیش کیا جسے سننے والوں نے بےحد پسند کیا۔








