پاک فضائیہ نہ صرف بہادری سے قوم کے دفاع کی خدمت سر انجام دے رہی ہے بلکہ شاندار تعلیمی اداروں اور تربیتی مراکز کے ذریعے تعمیر ملت میں اپنا کلیدی کردار بھی ادا کر رہی ہے، وفاقی وزیر شفقت محمود

مریم نواز کی دھمکیاں ملنے کی باتیں ڈرامے بازی ہے اور کچھ نہیں،وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود
مریم نواز کی دھمکیاں ملنے کی باتیں ڈرامے بازی ہے اور کچھ نہیں،وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود

اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) ایوی ایشن سٹی کامرہ میں ایئر یونیورسٹی ایروسپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، پاک فضائیہ کے سابق سربراہان، اعلیٰ دفاعی اور سول افسران کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ایئر وائس مارشل (ر) فائز امیر، وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی نے شرکاءکو اپنے خطبہ استقبالیہ میں اس کیمپس کی چیدہ چیدہ خصوصیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ پاک فضائیہ کی درخشاں روایات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ پاک فضائیہ ہمارے لئے باعثِ فخر ہے جو نہ صرف بہادری سے قوم کے دفاع کی خدمت سر انجام دے رہی ہے بلکہ اپنے شاندار تعلیمی اداروں اور تربیتی مراکز کے ذریعے بھی تعمیر ملت میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے ضلع اٹک میں ایئر یونیورسٹی ایرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کے قیام کے لئے پاک فضائیہ کی قیادت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس بات کی امید ظاہر کی کہ یہ عظیم منصوبہ اس علاقے اور ملک کی ترقی میںنمایاں کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے ائیر یونیورسٹی کامرہ کیمپس اور ملتان کیمپس کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے ایرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایوی ایشن ریسرچ انوویشن اینڈ ڈیویلپمنٹ،ایوی ایشن ڈیزائن انسٹیٹیوٹ اور ایک جامع سرٹیفیکیشن ایجنسی کے ایک جگہ پر ہونے سے اس کیمپس نے نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی شکل اختیار کر لی ہے۔ یہ حکمتِ عملی خود انحصاری کے پروگرام میں ہماری ضروریات اور ایوی ایشن کے شعبہ میں تحقیق و ترقی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں بین الاقوامی سکالرز اور طلبا کی ایک بڑی تعدادآئیگی جس سے پاکستان کے مثبت امیج اور معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔ قبل ازیں مہمانِ خصوصی نے ایئر یونیورسٹی ائیرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی۔اس موقع پر انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ کے ساتھ مل کر کامرہ میں اس شاندار ادارے کی ترقی کے لیے دعا کی۔بعد ازاں انہوں نے ادارے کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔