اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):پاک فضائیہ نے یوم دفاع پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کی کوششوں کو مزید بڑھانے کے ایک نئے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاک فضائیہ اس تاریخی دن پر بھی اپنے بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولے گی اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کوششیں ایک نئے جوش اور ولولے کے ساتھ جاری رہیں گی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق مشکل …
پاک فضائیہ کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کی کوششوں کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):پاک فضائیہ نے یوم دفاع پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کی کوششوں کو مزید بڑھانے کے ایک نئے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاک فضائیہ اس تاریخی دن پر بھی اپنے بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولے گی اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کوششیں ایک نئے جوش اور ولولے کے ساتھ جاری رہیں گی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق مشکل کی اس گھڑی میں پاک فضائیہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئےکار لا رہی ہے۔
پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل میں سول انتظامیہ کی دن رات مدد کر رہی ہیں۔ سیلاب میں پھنسے افراد کے بحفاظت انخلا، امدادی سامان کی نقل و حمل اور ریسکیو مشنز کے لیے پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ اور ہیلی کاپٹرز فلیٹ مسلسل محو پرواز ہیں۔
ترجمان کے مطابق24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی ٹیموں نے ضرورت مند خاندانوں میں 70 خیمے، 16189 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 1000 پانی کی بوتلیں اور 2331 بنیادی غذائی اجناس پر مشتمل خشک راشن کے پیکٹ تقسیم کیے۔ مزید براں مفت خوراک اور رہائش کی فراہمی کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں میڈیکل ٹیموں نے 2012 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔
پاک فضائیہ کے جوان اس قومی بحران کی گھڑی میں وطن کی سالمیت اور ہم وطنوں کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔







