پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے جمہوریہ ترکیہ کے وزیر دفاع کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

51

راولپنڈی۔9جولائی (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے مشترکہ امنگوں اور تزویراتی ہم آہنگی پر زور دیا ہے ،انہوں نے جدید تربیت اور ایرو سپیس ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے پی اے ایف کے پختہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔ بدھ کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے جمہوریہ ترکیہ کے وزیر دفاع یاسر گلر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران ملاقات کی۔

ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، جاری دفاعی تعاون کی پیشرفت اور جنگ کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں مستقبل میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے مشترکہ امنگوں اور تزویراتی ہم آہنگی پر زور دیا جو دونوں ممالک کو جوڑتے ہیں۔ انہوں نے جدید تربیت اور ایرو سپیس ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے پی اے ایف کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں معززین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں پیشرفت کو ہموار اور تیز کرنے کے لیے وقف مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر بھی اتفاق کیا۔ترک وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی جانب سے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر ائیر چیف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعہ میں ایئر چیف کی بصیرت مند قیادت میں پی اے ایف کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس کی آپریشنل تیاریوں اور قومی خودمختاری کے پرعزم دفاع کو سراہا۔ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئےانہوں نے صنعت کی سطح پر گہرے تعاون کے ذریعے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو تقویت دینے کی ترکیہ کی پرعزم خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے خاص طور پر جدید ترین شعبوںبشمول خلل ڈالنی والی ٹیکنالوجیز، جدید ایویونکس اور بغیر پائلٹ کے فضائی نظام میں مشترکہ منصوبوں کو تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ترک وزیر دفاع نے پائلٹ ایکسچینج پروگرام میں پی اے ایف کی مسلسل حمایت کی بھی تعریف کی جسے انہوں نے دونوں فضائی افواج کے درمیان پیشہ وارانہ ترقی اور آپریشنل مفاہمت کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم اقدام قرار دیا۔ دونوں معززین نے بہتر تربیتی تعاون کے طریقوں کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا اور مشترکہ دو طرفہ اور کثیر جہتی فضائی مشقوں کے پیمانے اور دائرہ کار کو بڑھانے کے لئے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔

ترک وزیر دفاع کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ دونوں برادر ممالک کے سٹریٹجک تعاون کو بڑھانے، دفاعی تعلقات کو مستحکم کرنے اور پاکستان اور ترکی کی مسلح افواج کے درمیان دیرپا ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔