اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے سربراہ رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل محمد یوسف العصام نے بدھ کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں معززین نے پیشہ وارانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ سے جاری بیان کے مطابق ریئر ایڈمرل محمد یوسف العصام نے پیشہ وارانہ مہارت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی تعریف کی۔
ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے جو دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔