اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):پاک فلسطین فورم نے مظلوم فلسطینیوں کی امداد کے لئے قافلہ ایثار بھیجنے اور امدادی سرگرمیوں کیلئے رضاکاروں کی بھرتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی سامان جلد روانہ کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاک فلسطین فورم مولانا فتیح اللہ عثمانی نے جمعرات کو یہاں پاک فلسطین فورم کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں انٹرنیشل آزادی فلسطین سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سیمینار میں چیئرمین پاک فلسطین فورم مولانا فتیح اللہ عثمانی ،پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، این پی سی کے صدرانور رضا،خبیب فاؤنڈیشن کے چیئرمین ندیم احمد خان ،صدر جمعیت طلباء اسلام اسلام آبادمفتی بلال مروت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر چیئرمین پاک فلسطین فورم مولانا فتیح اللہ عثمانی نےفلسطین کے مظلوم شہریوں کیلئے پاکستان بھر سے امدادی ساز وسامان سے لیس قافلہ ایثار ” کی روانگی اور امدادی کاموں کیلئے رضاکاروں کی بھرتی کے بارے میں خصوصی اعلانات کرتے ہوئے کہا کہ اس قافلے کی تیاریاں عروج پر ہیں، امدادی سامان سے بھرے ہزاروں کی تعداد میں کنٹینرز اور امدادی رضاکاروں کی روانگی کے لئے ترتیب بنا دی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک وشبہ نہیں کہ پاکستانی قوم کا موقف اس مسئلہ کے بارے میں بالکل واضح اور دوٹوک ہے۔ انھوں نے کہا کہ فورم نے اگلے تین ماہ کے لئے مسجد اقصی اور بیت المقدس کے بارے میں آگہی مہم کے طور پاکستان بھر میں جوکانفر نسز، سیمینارز، اور تعارفی نمائشوں کے انعقاد جو پروگرام تشکیل دیا تھا، ان سب کو فی الحال موخر کیا جاتا ہے، نئی تاریخوں کا اعلان اس قافلے سے واپسی پر کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فلسطین فورم پاکستان کے سیاسی اور مذہبی اختلافات سے بالاتر ہوکر قبلہ اول کی مکمل آزادی و خود مختاری کیلئے کام کرتا رہے گا ۔
خبیب فائونڈیشن کے چیئرمین ندیم احمد خان نے کہا کہ اسلام اور انسانیت کے ناطے اور بحیثیت پاکستانی ہماری دینی، ملی ، سیاسی و اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اس قافلے کی تیاری اور روانگی میں ہر طرح کی مدد فراہم کریں،اس قافلہ کے ذریعے ہم دنیا بھر میں فلسطین کے لئے جاری پرامن سیاسی جدوجہد کا بھی حصہ بنیں گے اور پاکستان کا خیر خواہی اور ہمدردی والا پہلو دنیا کو اسی طرح دکھائیں گے
جس طرح 2010 میں ہم بذریعہ ترکی امدادی سامان کا بحری بیڑہ لے کر غزہ پہنچے تھے جس کے دوران اسرائیلی فوج نے مجھ سمیت اس قافلے کے شرکاء کو کئی دنوں تک قید رکھا تھا۔ پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نےاسرائیل کی جانب سے صحافیوں کو بےدریغ نشانہ بنانے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیلی ریاست تمام تر اخلاقیات اور انسانی اقدار کو بالائے طاق رکھ ظلم و بربریت کی نئی تاریخ رقم کر رہی ہے جس کی مثال پوری انسانیت میں نہیں ملتی۔