پاک فوج اور ایف سی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہے

آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):پاک فوج اور ایف سی کے دستے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کی بھر پور مدد کر رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں آرمی ایوی ایشن کے دو ہیلی کاپٹر کراچی سے اوتھل، لسبیلہ کے علاقوں کے لیے روانہ کیے گئے ہیں۔ ان ہیلی کاپٹروں نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا لیکن خراب موسم کی وجہ سے زیادہ دیر تک پرواز نہیں کر سکے۔ اب ان ہیلی کاپٹرز کےزریعےپھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ اور ضروری امدادی سامان کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔

گوادر میں جنرل آفیسر کمانڈنگ نے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے اوتھل کے علاقے کا دورہ کیا جبکہ آج خضدار میں سینئر مقامی کمانڈر خضدار اور گردونواح کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

اوتھل، جھل مگسی میں گراؤنڈ ریسکیو اور ریلیف ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور مقامی رہائشیوں کو خوراک اور پانی کی فراہمی میں مصروف ہیں۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔ کوسٹل ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

تباہ شدہ کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کی مرمت اور یوٹیلیٹیزسروسز بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ تربت میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والے حفاظتی بند کی مرمت کر دی گئی ۔پنجاب کے علاقےڈی جی خان میں سیلاب اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ مقامات پر پاک فوج امدادی کوششوں میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہے۔

سیلاب سے متاثرہ مقامی لوگوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے فوج کی جانب سے 2 میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔سندھ کے علاقےکراچی میں نکاسی آب کی کوششوں کے علاوہ جامشورو اور گھارو کے علاقوں میں فوج امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔