راولپنڈی ۔29اگست (اے پی پی):پاک فوج نے اوکاڑہ میں سیلابی پانی میں پھنسے 423 اور کوٹ مومن سے 1500افراد کو سیلابی پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ساہیوال اور ہیڈ سدھنائی میں ریسکیو آپریشن کی تیاری مکمل ہے۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔اوکاڑہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی سول انتظامیہ کے ہمراہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔پاک فوج نے 423 افراد کو سیلابی پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا ۔دریائے راوی پر پاک فوج کی 3 ٹیمیں جندراکہ کے مقام پر کشتیوں اور ریسکیو آلات کے ساتھ تعینات کر دی گئی ہیں۔
مزید فوجی دستے 12 گھنٹے کے نوٹس پر الرٹ کر دیئے گئے، ساہیوال اور ہیڈ سدھنائی میں ریسکیو آپریشن کی تیاری مکمل ہے۔ضلعی انتظامیہ نے جندراکہ ، مبالکے اور بنگلہ گوگیرا سمیت مختلف علاقوں میں ریلیف کیمپس قائم کر دیئے ہیں۔پاک فوج سرگودھا میں بھی سیلاب سے متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔پاک فوج کے جوانوں نے کشتیوں کے ذریعے بچوں اور خواتین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔کوٹ مومن میں مجموعی طور پر سیلاب سے متاثرہ 1500 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔پاک فوج کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے ضروری طبی امداد کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔پاک فوج سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔