راولپنڈی ۔ 22 مارچ (اے پی پی) پاک فوج نے 23مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے چیئرمین سینٹ، سپیکر قومی اسمبلی ،وزیراعظم آزاد کشمیر‘ ورزاءاعلی ،اپوزیشن لیڈرز‘ قائد ایوان اور دیگر عوامی نمائندوںکی آواز پاکستان زندہ باد کے عنوان سے پرومو جاری کر دیا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر ،میجر جنرل آصف غفور کے ٹویٹ سے جاری ہونے والے پرومو میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی ،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ فاروق حیدر ،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ،سینٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ محمد ظفر الحق ،وزیراعلی گلگت بلتستان حفیظ الرحمان، وزیراعلی خیبر پختونخواہ محمود خان ،وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ ،وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اوروزیراعلی بلوچستان جام کمال کے پاکستان زندہ باد کے پیغامات شامل ہیں ۔