مظفر آباد۔ 16 مئی (اے پی پی):وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے بھارت کو عبرتناک شکست دینے پر یومِ تشکر کے موقع پر پوری قوم رب ذوالجلال کا شکر ادا کرتی ہے جس نے مودی کا غرور خاک میں ملا دیا ۔
یوم تشکر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت آئندہ جارحیت کا سوچے گا بھی نہیں،مسلح افواج پاکستان وطن کے دفاع کے لیے ہمہ تن چوکس ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپہ سالار پاک فوج جنرل عاصم منیر نے دندان شکن جواب دے کر دشمن کو اس کی اصل اوقات یاد دلا دی ہے،مسلح افواج وطن کے دفاع کے لیے ہمہ تن تیار ہیں ، دشمن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا،ہماری مسلح افواج نے دشمن پر ہیبت طاری کی ہے ۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ "آپریشن بنیان مرصوص” ہماری سنہری تاریخ کا روشن باب ہے ، انشاء اللہ تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچا کر تحریک تکمیل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے، بھارت نے رات کی تاریکی میں چھپ کر وار کیا ، ہم نے کم ظرف دشمن کو دن کی روشنی میں تارے دکھائے ،انشاءاللہ وطن کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے،10 مئی کو ہماری بہادر افواج نے حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی غیرت کا مظاہرہ کیا۔
چوہدری انوارالحق نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے ، پاک فوج نے اپنے جرأت مندانہ اقدامات سے دنیا پر یہ واضح کر دیا کہ پاکستان خطے میں اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ، ریاست کی سالمیت پر آنچ آئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا،کشمیری عوام یومِ تشکر مناتے ہوئے عظیم شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے مسلح افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا ،مسلح افواج پاکستان ہمارا قومی فخر ہیں اور مسلح افواج پاکستان کو وطن کی سلامتی یقینی بنانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597857