راولپنڈی۔13مئی (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید لائن آف کنٹرول پر تعینات جوانوں کے ساتھ گزاری اور ان کے جذبے کو سراہا،
جنرل قمرجاوید باجوہ نےپاکستان میں امن و استحکام کے لیے دعا کی اور جوانوں کی لگن، جذبے اور پیشہ وارانہ تیاریوں کو سراہا۔ آرمی چیف نےکورونا کی روک تھام کے لیے فارمیشن کے سول انتظامیہ سے تعاون کو بھی سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر اقدام کرے گی، پاکستانی عوام کی سکیورٹی، تحفظ اور فلاح ہماری ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید پر کشمیر میں جدوجہد کرنے والے بہادر کشمیریوں کو نہیں بھولنا چاہیے، وقت آگیا ہے کہ کشمیر میں انسانی المیے کو اب ختم کیا جائے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔