اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ ایک ہفتے تک پاک ویک نامی کورونا ویکسین کی لانچنگ اور ڈسٹری بیوشن شروع ہو جائے گی، یہ ویکسین انتہائی موثر ہے اور اس کی ایک ڈوز ہی کافی رہے گی، پہلے مرحلے میں ویکسین کی ایک لاکھ سے زائد ڈوزز تیار کی گئی ہیں جبکہ اگلے مرحلے میں اس کی 9 لاکھ ڈوزز تیار کی جائیں گی اورایک دو روز میں ڈریپ سے بھی اس کی منظوری مل جائے گی۔
منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پورے ملک کیلئے باعث فخر لمحہ ہے کہ پاکستان مقامی سطح پر تیار کردہ کورونا ویکسین کی لانچنگ کرنے جا رہا ہے، اس ویکسین کی کوالٹی ٹیسٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور اس کے پاکستان میں فیز تھری کلینیکل ٹرائلز کے انتہائی کامیاب نتائج برآمد ہوئے تھے، ڈریپ سے منظوری کے فوراً بعد اس کی لانچنگ کر دی جائے گی اور لانچنگ تقریب کے دوران بھی لوگوں کو لگائی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ ویکسین کی تیاری کے دوران اس کی افادیت پر کوئی اثر نہیں پڑا، چینی ماہرین نے ویکسین کی تیاری کے سارے پراسیس کو مانیٹر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی موثر ویکسین ہے، اس کی ایک ڈوز لگنے کے بعد جسم کے اندر اینٹی باڈیز بننا شروع ہو جاتے ہیں، اگر ویکسین لگنے کے بعد بھی کسی کو کورونا ہو جائے تو اس میں معمولی علامات ظاہر ہوں گی اور اسے ہسپتال داخل ہونے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہنگری نے بھی کین سینو بائیو ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی ہے، جب یورپی یونین کا ایک ملک کسی ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دیتا ہے تو پورے یورپ کا اس کا اطلاق ہوتا ہے۔