اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی دنیا بھر کیلئے ایک مثال اور پائیدار تزویراتی شراکت داری میں تبدیل ہو چکی ہے۔عوامی مرکزیت کی حامل پالیسیوں اور ترقیاتی ایجنڈے کے باعث چینی کمیونسٹ پارٹی کو تاریخی کامیابیاں حاصل ہوئیں،40 سال کے مختصر عرصے میں آٹھ سو ملین لوگوں کو غربت کے شکنجے سے نکالا۔
جمعرات کو پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ کے ہمراہ پاکستان اور چین کے مابین ستر سالہ کامیاب سفارتی تعلقات کے حوالے سے شجر کاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت اور نسلوں کی انتھک کاوشوں نے اس دوستی کو، مضبوط "سدا بہار تعاون پر مبنی شراکت داری ” میں بدل دیا ہے۔
قبل ازیں وزیر خارجہ نے چینی سفیر کے ہمراہ وزارت خارجہ کے سبزہ زار میں یادگاری پودا لگایا۔تقریب سے خطاب کے دوران وزیر خارجہ نے اس موقع پر ستر سالہ پاک چین سفارتی تعلقات اور کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سوویں سالگرہ کے حوالے سے کہا کہ اس سال کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سوویں سالگرہ ہے۔
وزیر خارجہ نے اس موقع پر چین کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کیمونسٹ پارٹی آف چائینہ کا معرض وجود میں آنا دنیا کی تاریخ اور سیاست میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے،عوامی مرکزیت کی حامل پالیسیوں اور ڈویلپمنٹ ایجنڈے کے باعث کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کو تاریخی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کی بصیرت افروز قیادت نے 40 سال کے مختصر عرصے میں آٹھ سو ملین لوگوں کو غربت کے شکنجے سے نکالا جبکہ شی جن پنگ کی دانشمندانہ قیادت نے چینی قوم کو عظیم الشان قوم کی منزل پر لا کھڑا کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس سال پاکستان اور چین کے مابین کامیاب سفارتی تعلقات کو ستر سال مکمل ہو رہے ہیں۔
دونوں ممالک کی قیادت اور نسلوں کی انتھک کاوشوں نے اس دوستی کو، مضبوط "سدا بہار تعاون پر مبنی شراکت داری ” میں بدل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس تاریخی موقعے کو انتہائی یادگار انداز میں منا رہے ہیں، آج کی یہ شجرکاری کی تقریب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
چینی سفیر نونگ رونگ نے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے اقدامات کلین گرین پاکستان اور” ٹین بلین سونامی ٹری منصوبوں کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ کو 7000 پودوں کا تحفہ پیش کیا اور کہا کہ چین سرسبز و شاداب پاکستان کے پر وگرام میں شانہ بشانہ کھڑا ہے۔وزیر خارجہ نے چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔