پاک چین دوستی کے درخت نے بہت میٹھے پھل دیئے ،وزیرِ اعظم شہباز شریف کا بیجنگ میں تقریب سے خطاب، ترقی کے لیے چین کا معاشی ماڈل اپنانے کے عزم کا اظہار

بیجنگ ۔26مئی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سخت محنت اور مسلسل کوششوں سے پاکستان میں ترقی کے لیے چین کا معاشی ماڈل اپنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے ترقی، غربت ،بےروزگاری ،بیماریوں اور چیلنجز پر قابو پانے کےقابل رشک سفر سے دنیا کو سبق سیکھنا چاہیئے،پاکستان چین دوستی کے درخت کی جڑیں بہت گہری ہیں،اس نے طوفانوں کا سامنا کیا ہے …

بیجنگ ۔26مئی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سخت محنت اور مسلسل کوششوں سے پاکستان میں ترقی کے لیے چین کا معاشی ماڈل اپنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے ترقی، غربت ،بےروزگاری ،بیماریوں اور چیلنجز پر قابو پانے کےقابل رشک سفر سے دنیا کو سبق سیکھنا چاہیئے،پاکستان چین دوستی کے درخت کی جڑیں بہت گہری ہیں،اس نے طوفانوں کا سامنا کیا ہے ،سایہ فراہم کیا ہے اور بہت میٹھے پھل دیے ہیں ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس کی نئی شاخیں پروان چڑھائیں تاکہ آنے والی نسلیں وہ ورثہ حاصل کریں جو ہمارے آباؤ اجداد کے تصور سے بھی زیادہ مضبوط تعلقات کا حامل ہو۔انہوں نے خیالات کا اظہار منگل کو یہاں پاک۔چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے نائب صدر ہان زینگ اور پاکستان کے وفد کے ارکان اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بیجنگ میں ہمارے دونوں عظیم ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت میرے لیے ایک اعزاز ہے،ہمارے عظیم رہنماؤں نے پچھلے سات عشروں سے زیادہ عرصے میں یہ تعلقات بڑی لگن، عقیدت اور خلوص کے ساتھ استوار کیے ہیں،یہ تعلقات اب ایک ایسے بلند مقام پر پہنچ چکے ہیں کہ ان کا کوئی ثانی نہیں اور نہ ہی ان جیسی کوئی مثال مل سکتی ہے، ان سات عشروں میں چین نے سخت اور انتھک محنت سے جنگ کی راکھ سے اٹھ کر شان و شوکت کی بلند ترین چوٹی تک پہنچنے کا سفر طے کیا ہے یہ قابل رشک سفر ہے جس سے دنیا کے تمام ممالک کو سبق سیکھنا چاہیئے کہ کیسے غربت ،بے روزگاری ،بیماریوں اور چیلنجز پر قابو پایا جائے۔ اگر ثابت قدم رہیں تو آخر کار وہ حاصل ہوتا ہے جو چین نے حاصل کیا ہے۔چین آج ایک عالمی معاشی طاقت اور عالمی فوجی طاقت ہے اور یہ دونوں ممالک کی دوستی کا سنہرا دور ہے۔وزیراعظم نے اپنے سکول کے زمانے میں چین کے سابق وزیراعظم چو این لائی کے پاکستان کے دورے اور لاہور ائر پورٹ پر اساتذہ اور طلبا کے ساتھ ان کے استقبال کا یادگار واقعہ بیان کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ 2010ء میں پاکستان میں شدید سیلاب آیا تو چین کی حکومت نے فوری طور پر پاکستانی بھائیوں کی دل کھول کے مدد کی،ریسکیو ہیلی کاپٹرز اور ریسکیو ٹیمیں،ادویات اور دیگر سامان بھجوایا،چینی بھائیوں اور بہنوں، ڈاکٹروں اور ماہرین نے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی بھرپور مدد کی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین یکجان دو قالب ہیں اور ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ صدر شی جن پنگ کی متحرک اور بصیرت افروز قیادت میں چین نے 80 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالاہے ، لاکھوں افراد کو روزگار دیا ہے۔ چین معاشی طاقت کے لحاظ سے کسی سے کم نہیں، چین فوجی طاقت کے لحاظ سے دنیا کی سب سے طاقتور قوم کے برابر ہے اس کے باوجود بھی صدر شی جن پنگ کا فلسفہ ،کثیر الجہتی طریقہ کار کو فروغ دینا، امن کو فروغ دینا اور انتہائی خطرناک تنازعات کے بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کا ان کا وژن انہیں نہ صرف ایک بلند پایہ شخصیت بلکہ اس دور کے سب سے زیادہ قابل احترام رہنماؤں میں سے ایک بناتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ آئیے ہم اس سے سبق سیکھیں جو مسلسل کوششوں، محنت اور قربانیوں کا سفر ہے جو اس جدید دور کے معجزے میں تبدیل ہوا ہے۔چین نے اپنے معاشرے کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے۔ ہمارے لیے یہ ایک لمبا سفر ہے لیکن دنیا کا سب سے لمبا سفر بھی پہلے قدم سے شروع ہوتا ہے۔آئیے ہم پہلا قدم اٹھائیں اور یقین دلاتا ہوں کہ اجتماعی اور انفرادی طور پر ہم سخت محنت اور مسلسل کوششوں سے پاکستان میں ایک چھوٹا چینی معاشی ماڈل ایک دن ضرور اور جلد حاصل کر لیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین دوستی کے درخت کی جڑیں بہت گہری ہیں۔اس نے طوفانوں کا سامنا کیا ہے ،سایہ فراہم کیا ہے اور بہت میٹھے پھل دیے ہیں۔ اب ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس کی نئی شاخیں پروان چڑھائیں تاکہ ہماری آنے والی نسلیں وہ ورثہ حاصل کریں جو ہمارے آباؤ اجداد کے تصور سے بھی زیادہ مضبوط تعلقات کا حامل ہو۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے نائب صدر ہان زینگ نے چین کی حکومت کی طرف سےپاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ اپریل 2015ء میں صدر شی جن پنگ نے پاکستان کا تاریخی دورہ کیا جس میں چین اور پاکستان کے تعلقات کو جامع سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری تک پہنچایا گیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کی ترقی کے لیے ایک خاکہ تیار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کے ساتھ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی نتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے،جس نے دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک نئی تزویراتی جہت فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان جغرافیے اور مشترکہ مستقبل کے ذریعے جڑے اچھے دوست ہیں،ماضی کے ہمارے قائدین نے ذاتی توجہ سے ہماری روایتی دوستی کی آبیاری کی،75 سال قبل جب سے ہمارے سفارتی تعلقات قائم ہوئے ۔چین اور پاکستان ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں اور ایک دوسرے پر اعتماد رکھتے ہیں، ایک دوسرے کی حمایت اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔پاکستان ہمیشہ چین کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہا ہے۔اسی طرح چین ہمیشہ ضرورت کے وقت پاکستان کا مضبوط حمایتی رہا ہے۔قراقرم ہائی وے جو ہمارے دونوں ممالک کو ملاتی ہے سے لے کر ہمارے مشترکہ منصوبے سی پیک 2.0 تک چین اور پاکستان کے درمیان تعاون اپنے دائرہ کار وسعت اور گہرائی میں مسلسل بڑھتا جا رہا ہے،اور اس نے ہمارے دونوں ممالک کے عوام کو عملی اور واضح فوائد پہنچائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسی صدی میں زندگی گزار رہے ہیں جو عظیم تبدیلیوں اور نتیجہ خیز حالات سے عبارت ہے،چین اور پاکستان کے پاس مضبوطی سے ایک ساتھ کھڑے رہنے کی اور بھی زیادہ وجوہات موجود ہیں۔چین پاکستان کے ساتھ مل کر ہمارے راہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر خلوص کے ساتھ عمل کرے گا۔روایتی دوستی کو آگے بڑھائے گا، سٹریٹجک رابطوں کو مضبوط بنائے گا اور عملی تعاون کو مزید وسعت دے گا۔ائیے ہم ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر جدیدیت کے سفر میں آگے بڑھیں اور نئے دور میں چین پاکستان مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کو مزید قریب لانے اور مضبوط بنانے کی جانب تیزی سے پیش قدمی کریں۔انہوں نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ مناتے ہوئے چین کے 15 پانچ سالہ اقتصادی و سماجی ترقیاتی منصوبے اور اڑان پاکستان کے تصور کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنائیں، سی پیک 2.0 اور اعلی معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو آگے بڑھائیں تاکہ دونوں ممالک کے عوام بہتر فائدہ اٹھائیں۔اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چین کے نائب صدر ہان زینگ نے پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا

مزید خبریں