پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان پوسٹ کی طرف سے جاری یادگاری ڈاک ٹکٹ دوستی کی ایک یادگار ہے، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا تقریب سے خطاب

137

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ 70 برسوں پر مشتمل پاک چین دوستی ہمارا سب سے عظیم قومی اثاثہ ہے، چین ہمارا سب سے دیرینہ دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں وطن عزیز کا ساتھ دیا، مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ہر فورم پر پاکستان کے موقف کی حمایت پر ہم چین کی قیادت اور چینی سفارتخانے کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر جو یادگاری ٹکٹ پاکستان پوسٹ جاری کر رہا ہے، یہ اس فقیدالمثال دوستی کی ایک یادگار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پوسٹل سٹاف کالج میں پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان پوسٹ کی طر ف سے جاری پہلے یادگاری ٹکٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ، وفاقی سیکرٹری مواصلات ڈاکٹر ظفر حسن اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ خالد جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے چینی سفیر کے ہمراہ ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کی جو گوادر اور ژوہائی بندرگاہوں کی منظر کشی پر مشتمل ہے جس میں پاک چین دوستی کی سی پیک کے تناظر میں عکاسی کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک تاریخی موقع پر جب ہم پاک چین دوستی کی لازوال اور فقیدالمثال تعلقات کی یاد میں یہاں جمع ہیں۔ پاک چین دوستی اور سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کا یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان پوسٹ یہ ڈاک ٹکٹ جاری کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چین نے ہمیشہ ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا اور عالمی وباء کورونا کے تناظر میں صحت کے شعبہ میں ہمارا تعاون بے مثال ہے جس کی عالمی سطح پر بھی تعریف کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چین نے ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت کی ہے جس پر چین کی حکومت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ دوطرفہ تعاون نہ صرف دونوں ممالک کے مابین بلکہ خطے کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی تعلقات بھی مثالی ہیں، آج پوری دنیا پاک چین دوستی کی مثالیں دیتی ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ اینیشیٹو عالمی رابطہ کاری کا اہم منصوبہ ہے اور سی پیک اس میں ایک سنگ میل کی اہمیت رکھتا ہے جو پاکستان کیلئے تقدیر بدل دینے والا منصوبہ ہے۔ سی پیک کے ذریعے گوادر اور اس کے گردونواح کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہاکہ ہکلہ۔ڈی آئی خان موٹروے منصوبہ گزشتہ دور میں شروع ہوا لیکن اس کا 90 فیصد کام ہم نے مکمل کرایا ہے جو اسی سال مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے مغربی روٹ میں پسماندہ علاقوں کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ دیر، سوات اور ڈی آئی خان اور پھر گوادر منصوبوں کا بھی آغاز ہو جائے گا

جس سے معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ چترال گلگت بلتستان کو بھی آئندہ پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے جا رہے ہیں جس سے مغربی روٹ مکمل ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مغربی روٹ کے علاوہ حیدرآباد۔سکھر موٹروے کا بھی اگلے تین ماہ میں آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی میدان اور سستی بجلی پیدا کرنے کے حوالہ سے ڈیموں کی تعمیر کیلئے تعاون جاری ہے، غربت کے خاتمہ کیلئے چین کی دنیا بھر میں مثال دی جاتی ہے اور وزیراعظم عمران خان نے احساس پروگرام کا آغاز کیا ہے جس سے غربت کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ چین زرعی شعبہ میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے جس سے ملک میں زرعی انقلاب برپا ہوگا

جبکہ اقتصادی زونز پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ خصوصی اقتصادی زونز کے ذریعے نہ صرف مقامی منڈیوں تک رسائی آسان ہوگی بلکہ برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے فلسطین میں جاری اسرائیلی دہشت گردی اور مسجد اقصیٰ پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی قوم کی بھرپور ترجمانی کی ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے خطاب کرتے ہوئے پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرنے پر حکومت پاکستان اور پاکستان پوسٹ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے، چین اور پاکستان پراعتماد اور آزمودہ دوست ہیں اور دونوں ممالک دوستی کے لازوال تعلقات اور باہمی تعاون کے حوالہ سے ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں، 21 مئی 1951ء کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے جو روزبروز مستحکم ہوئے ہیں، دونوں ممالک کی قیادت ان تعلقات کو افق کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ پاکستان پوسٹ کی طرف سے جاری یہ یادگاری ڈاک ٹکٹ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو دوام بخشے گا اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔