پاک-چین منرل کوآپریشن فورم دوطرفہ اقتصادی تعاون و سرمایہ کاری کے فروغ کی اہم کاوش ہے، وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاک ۔چین منرل کوآپریشن فورم پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کاوش ہے۔بدھ کو فورم سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی دوستی کے مضبوط اور آزمودہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جو …

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاک ۔چین منرل کوآپریشن فورم پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کاوش ہے۔بدھ کو فورم سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی دوستی کے مضبوط اور آزمودہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جو باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ ترقیاتی اہداف کے ذریعے مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ شراکت داری معدنیات اور دیگر ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔

قیصر احمد شیخ نے کہاکہ میں نے ذاتی طور پر چین کی غیر معمولی ترقی کا مشاہدہ کیا ہے جس سے پاکستان بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معدنیات سمیت دیگر اہم شعبوں میں قریبی تعاون پائیدار معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔وفاقی وزیر نے پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح اور کاروباری روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ستمبر 2025 میں 300 سے زائد پاکستانی کمپنیوں نے چین کا دورہ کیا جبکہ پاک۔چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس کے دوران 167 مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ تمام دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں پر فعال طور پر عملدرآمد کر رہا ہے تاکہ ان معاہدوں کو عملی سرمایہ کاری میں تبدیل کیا جا سکے۔پاکستان کی معدنی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے جہاں تانبہ ، سونا، کوئلہ، نایاب معدنیات اور دیگر اہم وسائل موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معدنیات کی تلاش، ویلیو ایڈیشن اور اس شعبے سے زیادہ سے زیادہ معاشی فائدہ حاصل کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاروں کو بھرپور سہولت فراہم کر رہا ہے جس میں ایز آف ڈوئنگ بزنس میں بہتری، خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) کے ذریعے مراعات اور ریگولیٹری اصلاحات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اصلاحات غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے مزید سازگار ماحول فراہم کریں گی۔اس فورم میں پاکستان میں چین کے سفیر، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیر علی پرویز، اعلیٰ سرکاری افسران، چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے نمائندگان، سرمایہ کاروں اور معدنی و صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والے اہم سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور سہولت کاری کے لئے مکمل طور پر پُرعزم ہے بالخصوص چین کے ساتھ سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنا کر طویل المدتی معاشی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے اہداف حاصل کئے جائیں گے۔