پتنگ بازی میں ملوث افراد کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن ہوگا، سی پی او راولپنڈی کی آگاہی واک کے موقع پر گفتگو

63

راولپنڈی۔24جنوری (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسرراولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا ہےکہ پتنگ بازی میں ملوث افراد کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن ہوگا،پتنگ بازی ایکٹ میں ترمیم کے بعد ناقابل ضمانت جرم ہے جس کی سات سال قید اور 50لاکھ جرمانہ ہوگا۔یہ بات سی پی او سید خالد ہمدانی نے جمعہ کو پتنگ بازی کی روک تھام کے حوالے سے منعقدہ آگاہی واک کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہی ۔ آگاہی واک میں مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز سمیت انجمن تاجران، طلبا اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سی پی او کا کہنا ہے کہ واک کا مقصد پتنگ بازی کے نقصانات اور روک تھام کے لئے شہریوں کو آگاہی فراہم کرنا تھا۔انہوں نے بتایا کہ پتنگ بازی خطرناک جرم ہے اور قانون میں ترمیم کے بعد پتنگ بازی ناقابل ضمانت جرم ہے جس کی سزا 3 سال سے 7 سال تک قید اور 5 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے تاہم پتنگ بازی کی روک تھام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، سول سوسائٹی، شہری خصوصاً والدین پتنگ بازی کی حوصلہ شکنی کریں۔واک کے دوران خصوصی آگاہی پمفلٹ تقسیم کئے گئے اور آگاہی بینرز بھی آویزاں کئے گئے۔