پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی صوبہ بھر میں مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کیلئے کارروائیاں

محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کے تحت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے صوبہ بھر میں مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے بھرپور کارروائیاں کیں۔محکمہ فوڈ سیفٹی کی رپورٹ کے مطابق ایک روز کے دوران 70 ہزار 324 انسپکشنز کی گئیں

لاہور۔16جون (اے پی پی):محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کے تحت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے صوبہ بھر میں مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے بھرپور کارروائیاں کیں۔محکمہ فوڈ سیفٹی کی رپورٹ کے مطابق ایک روز کے دوران 70 ہزار 324 انسپکشنز کی گئیں جبکہ گرانفروشی کے 3 ہزار 488 واقعات رپورٹ ہوئے۔ خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 10 لاکھ 44 ہزار 500 روپے جرمانے عائد کیے گئے، 4 مقدمات درج کیے گئے اور 173 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق روٹی کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے سب سے زیادہ 12 ہزار 735 انسپکشنز کی گئیں، جن کے نتیجے میں 908 خلاف ورزیاں سامنے آئیں اور 118 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح چکن میٹ، باسمتی چاول، دال ماش، آٹا بیگ، دال مسور، چینی، ویجیٹیبل گھی، دال مونگ، چنا، انڈے، ٹماٹر، پیاز اور آلو سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی سخت نگرانی کی گئی۔معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمی بٹ نے اپنے بیان میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مو ثر نگرانی اور بروقت اقدامات کے ذریعے عوامی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔معاونِ خصوصی وزیراعلی پنجاب برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے مزید کہا ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر مسلسل نظر رکھی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رکھی جائے۔سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا کہ صوبہ بھر میں پرائس کنٹرول نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کی مانیٹرنگ کے ذریعے صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی مو ثر کارکردگی کے نتیجے میں گرانفروشی کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور عوام کو اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے، ناجائز منافع خوری کی روک تھام اور صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ اور نگرانی کا نظام فعال ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں