پرتشدد احتجاج کے حوالے سے پی ٹی آئی کا ٹریک ریکارڈ ہے، مظاہرین نے پولیس اوررینجرز اہلکاروں پر تشدد کیا ، وفاقی وزیر احسن اقبال

75
Ahsan Iqbal
Ahsan Iqbal

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پرتشدد احتجاج کے حوالے سے پی ٹی آئی کا ٹریک ریکارڈ ہے، پی ٹی آئی مظاہرین نے پولیس اوررینجرز اہلکاروں پر تشدد کیا، دنیا کے کسی بھی ملک میں اس طرح کے پرتشدد حملوں کی اجازت نہیں دی جاتی، ایس سی او کانفرنس کے موقع پر بھی پی ٹی آئی نے خلل ڈالنے کی کوشش کی، لیکن وہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو شہید کیا، پرتشدد احتجاج کیلئے خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل کا استعمال کیا گیا، 9مئی کو بھی پی ٹی آئی سلامتی کے اداروں کی تنصیبات پر حملہ آور ہوئی تھی، اس شخص کی رہائی کیلئے احتجاج کیا گیا جس پر بدعنوانی کے سنگین الزامات ہیں، پرتشدد احتجاج بانی پی ٹی آئی کی مقدمات کے ٹرائل سے فرار کی کوشش ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے وفاقی دارالحکومت میں فساد برپا کرنے کی کوشش کی، جدید اسلحہ سے لیس شرپسندوں کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کیلئے لایا گیا، بانی پی ٹی آئی کو ثبوت دینے ہیں کہ انہوں نے کچھ نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جارہا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دعویٰ کررہی تھی کہ بانی کی رہائی تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا، عمران خان پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں، احتجاج کے نام پر جو کچھ کیا گیا مہذب معاشرہ برداشت نہیں کرسکتا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فساد برپا کرنے کی کوشش کی ،جدید اسلحہ سے لیس شرپسندوں کو 2014ء کی طرح پارلیمنٹ ہائوس پر قبضہ کرنے کے ارادے سے لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پرتشدد سیاست کا سلسلہ 2014ء سے جاری ہے جس کے بعد ان کے لانگ مارچوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، لیکن یہ ہمیشہ ناکام رہے۔ احسن اقبال نے 9 مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دن پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پاک فوج اور اہم عسکری تنصیبات پر حملے کیے، جن میں جی ایچ کیو اور کور کمانڈر لاہور کی رہائشگاہ شامل ہیں۔ شہداء کی یادگاروں کو مسمار اور نذر آتش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں اس طرح کے پرتشدد حملوں کی اجازت نہیں دی جاتی۔

ایس سی او کانفرنس کے موقع پر بھی پی ٹی آئی نے خلل ڈالنے کی کوشش کی، لیکن وہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکے۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی سیاسی قیدی نہیں ہیں، ان کے خلاف کرپشن کے سنگین الزامات ہیں، ان کے وکلاء سماعت میں تاخیر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جیسا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بھی تاخیری حربے استعمال کیے گئے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے لندن میں ضبط شدہ رقم کو اپنے فنانسر کے لیے وائٹ منی میں تبدیل کیا۔