پرنس کریم آغا خان انسانیت سے محبت کرنے والے انسان تھے، تعلیم اور صحت کے شعبے میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

83

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پرنس کریم آغا خان انسانیت سے محبت کرنے والے انسان تھے، تعلیم اور صحت کے شعبے میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں سپیکر نے اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا اور آغا ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے بانی اور سربراہ پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے مرحوم کے اہلخانہ اور اسماعیلی کمیونٹی کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا ۔ سپیکر نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان کی وفات کا سن کر دلی رنج ہوا، وہ انسانیت سے محبت کرنے والے انسان تھے۔ انہوں نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان کی تعلیم اور صحت کے شعبے میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کی پسماندہ اور متوسط طبقات کےلئے خدمات قابل ستائش ہیں۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کی پاکستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت اور تعلیم کی سہولیات ناقابل فراموش ہیں، پرنس کریم آغا خان امن، محبت، برداشت اور رواداری کے داعی تھے،پوری قوم ان کی وفات پر غمزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پرنس کریم آغا خان کے اہل خانہ اور اسماعیلی کمیونٹی کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے اہلخانہ کو یہ غم برداشت کرنے کا حوصلہ اور ہمت عطا فرمانے کی دعا بھی کی