راولپنڈی۔19فروری (اے پی پی):پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے آٹھویں رائونڈ میں کے آر ایل نے ایشال ایسوسی ایٹس کے خلاف چار روزہ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنا لیے ۔ تفصیلات کے مطابق روحیل نذیر نے 120 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ۔ عمران رفیق 76 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے ۔ اویس ظفر 31 اور سعد بیگ 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ۔
طاہر حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ این بی پی سپورٹس کمپلیکس میں او جی ڈی سی ایل نے پی ٹی وی کے خلاف میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز بنا لیے ۔ سمیر ثاقب 67 ، محمد حماد 45 اور عادل امین 36 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ خیام خان 80 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ۔ عماد بٹ نے 4 وکٹیں حاصل کیں ۔ یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس میں سٹیٹ بینک کی ٹیم غنی گلاس کے خلاف پہلی اننگز میں 233 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ غازی غوری 77 اور عمر امین 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔
عبید شاہ نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں ۔ غنی گلاس نے کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنا لیے ۔ حماد بٹ 45 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ۔ جنید علی 6 اور سعد نسیم 4 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں ۔ کاشف بھٹی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
کے سی سی اے سٹیڈیم میں واپڈا کی ٹیم ہائیر ایجوکیشن کے خلاف پہلی اننگز میں 261 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ نبی گل نے 88 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ۔ عمران ڈوگر 52 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے ۔ منصور علی نے 5 وکٹیں حاصل کیں ۔ ہائیر ایجوکیشن نے کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 15 رنز بنا لیے ۔