پشاور، اقراء نیشنل یونیورسٹی اور خیبر پختونخوا پولیس کے درمیان شہداء پولیس کے بچوں کو سکالرشپ دینے کےلیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہ کئےگئے

132

پشاور۔ 16 فروری (اے پی پی):اقراء نیشنل یونیورسٹی پشاور اور خیبر پختونخوا پولیس کے درمیان شہداء پولیس کے بچوں کو سکالرشپ دینے کےلیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دئیے گئے۔ خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سنٹرل پولیس آفس پشاور میں اقراء نیشنل یونیورسٹی پشاور اور خیبر پختونخوا پولیس کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے۔ محکمہ پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ویلفیئر محمد کاشف مشتاق کانجو اور اقراءنیشنل یونیورسٹی پشاور کی جانب سے وائس چانسلر ڈاکٹر ملک تیمور علی نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔

معاہدے کے تحت اقراءنیشنل یونیورسٹی پشاور میں مختلف تعلیمی پروگراموں میں داخلہ حاصل کرنے والے خیبر پختونخوا کے پولیس ڈیپارٹمنٹ کے شہداء کے بچوں کو اسکالرشپ دے گا۔ اس اسکالرشپ پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا محکمہ پولیس کے شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم 100فیصد اسکالرشپ (داخلہ + ٹیوشن فیس) دی جائے گی۔ اقراءنیشنل یونیورسٹی ان درخواستوں کو سہولت فراہم کرے گا جو داخلے کی اہلیت کے کم از کم معیار پر پورا اتریں اور خیبرپختونخوا پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے دی جائیں گی۔ اقراءنیشنل یونیورسٹی کے ہر ڈپارٹمنٹ میں درخواست دہندہ کو وظائف پیش کیے جائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر ملک تیمور علی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے صوبے اور یہاں کی عوام کےلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں جن کے سرفروش جوانوں نے بارود سے بھری گاڑیوں کے سامنے سینہ سپرہو کر فرائض انجام دئیے ۔انہوں نے کہا کہ اُن کا ادارہ پولیس شہداءکے بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو اپنا اولین فریضہ سمجھتاہے۔

ڈی آئی جی ویلفیئرمحمد کاشف مشتاق کانجو نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بچوں کو بہترین اور معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کےلیے آئی جی پی خیبرپختونخوا اختر حیات خان کے ویژن کے مطابق اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور آج اقراءنیشنل یونیورسٹی پشاور کے تعلیمی اداروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنا اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ڈی آئی جی نے کہا کہ پولیس کی ویلفیئر کے سفر میں اقراءنیشنل یونیورسٹی بھی ہمارے ساتھ ہے۔