پشاور۔ 30 دسمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے نگران وزیربرائے صنعت وحرفت،فنی تعلیم اورامورضم اضلاع ڈاکٹرعامرعبداللہ کے احکامات کی روشنی میں سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ نے پشتون گھڑی پبی میں قبضہ مافیا سے بورڈ کی ملکیتی چھ کنال قیمتی اراضی واگزار کرلی۔نگران وزیرکی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر پبی خولہ طارق،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرایس آئی ڈی بی نعمان فیاض اورڈائریکٹرفنانس محمد شیر کی سربراہی میں انتظامیہ اوربورڈ کی مشترکہ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے پبی میں پشتون گھڑی کے مقام پرعین سڑک کے کنارے واقع قیمتی اراضی پرغیر قانونی قابضین و پلاٹ مافیا کی جانب سے بنائی ہوئی چاردیواری گراکرمذکورہ سرکاری اراضی اپنے قبضے میں لے لی۔
واگزارکرائی گئی اراضی ایس آئی ڈی بی کی ملکیت ہے جسے جلد چاردیواری میں محفوظ کیا جائے گا اور اسے بورڈ کے زیر انتظام مفاد عامہ کے مقاصد کیلئے استعمال میں لایا جائے گا۔واضح رہے کہ اس قیمتی سرکاری اراضی پرعرصہ درازسے پلاٹ مافیا کی جانب سے غیرقانونی قبضہ کے حوالے سے نگران وزیر کےعلم میں بات آئی تھی جس پر انہوں نے فوری طورپرمتعلقہ انتظامیہ اوربورڈ حکام کو ایکشن لینے کے حوالے سے ہدایات جاری کی تھیں۔