پشاور۔ 02 فروری (اے پی پی):پشاور میں مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق پشاور کے علاقہ ارمڑ پایاں میں آئس نشہ کرنے والے دوست نے دوسرے دوست کو قتل کر دیا جبکہ بھانہ ماڑی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوگیا ۔
مدعی حکم خان ساکن ارمڑ پایان نے پولیس کو بتایا کہ اس کا بیٹا سدیس خان اور اس کا دوست اشتیاق ولد شوکت دونوں آئس کا نشہ کرتے تھے۔
دونوں میں دوستی تھی، ایک روز قبل ان کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوگیا جس کے بعد گزشتہ روز ملزم اشتیاق نے اس کے بیٹے سدیس خان کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا اورموقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ادھر امجد ولد یار افضل ساکن کھجوری حال مدینہ کالونی نے بھانہ ماڑی پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز نامعلوم افراد نے اس کے بھائی عامر شہزاد کو گھر کے قریب فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں معلوم نہیں کہ فائرنگ کس نے کی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثات پر پہنچ کر نعشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔