پشاور کے قلعہ بالا حصار میں گرینڈ جرگہ ، ضلع مہمند کے مشران کا سکیورٹی فورسز کے شابہ بشانہ امن کو یقینی بنانے کا اعلان

153
پشاور کے قلعہ بالا حصار میں گرینڈ جرگہ ، ضلع مہمند کے مشران کا سکیورٹی فورسز کے شابہ بشانہ امن کو یقینی بنانے کا اعلان

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کی جانب سے قلعہ بالاحصار پشاور میں خصوصی گرینڈ جرگہ منعقد کیا گیا۔ گرینڈ جرگہ میں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل انجم ریاض، کمشنر پشاور، ایڈیشنل سیکریٹری خیبرپختونخوا (فنانس)، سپیشل سیکریٹری ہوم، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، ڈپٹی کمشنر مہمند، ڈی پی او مہمند اور دیگر سول و عسکری حکام اور بڑی تعداد میں مہمند سے تعلق رکھنے والے علاقہ مشران نے شرکت کی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق مقامی عمائدین نے جرگہ کے انعقاد کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جرگہ سے قبائلی عوام، سکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امن خراب کرنے والوں کو واضح پیغام جائے گا کہ عوام اور تمام ادارے متحد ہیں۔

ضلع مہمند کے عمائدین نے پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ اور پولیس کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف اقدامات کو سراہا اور کہا کہ وہ امن کے لئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر شرکا نے ضلع مہمند میں امن اور ترقی کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔

حکام نے علاقہ مشران پر زور دیا کہ وہ عوام میں آگاہی پیدا کریں تاکہ وہ علاقہ میں امن خراب کرنے والوں کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں اور فتنہ الخوارج کے پروپیگنڈہ سے آگاہ رہیں۔