لاہور۔18جون (اے پی پی):پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیشنز پروگرام کے تحت بین الاقوامی سرٹیفیکیشنز کا امتحان پاس کرنے والے امیدواروں کیلئے فیس واپسی کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔فیس واپسی کی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ای گورننس ساجد لطیف ،ڈائریکٹر چوہدری احمد اسلام اور دیگر افسران شریک ہوئے،اس کے علاوہ مختلف تعلیمی اور پیشہ ورانہ پس منظر رکھنے والے سند یافتہ امیدواروں نے سافٹ ویئر ہاوسز اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔
چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف نے اپنے پیغام میں کہاکہ گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیشنز پنجاب کے ہر شہری کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ تعلیمی یا پیشہ ورانہ تجربے کی شرط کے بغیر بین الاقوامی معیار کی ٹیکنالوجی اسناد حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ان امیدواروں کو کورس فیس واپس کرتی ہے جو اپنی منتخب کردہ سرٹیفکیشن کامیابی سے مکمل کرتے ہیں۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ساجد لطیف نے کامیاب امیدواروں میں فیس واپسی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔