27.1 C
Islamabad
اتوار, اپریل 27, 2025
ہومعلاقائی خبریںپنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی اورسینٹر فار کلچر اینڈ ڈویلپمنٹ کے مابین باہمی...

پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی اورسینٹر فار کلچر اینڈ ڈویلپمنٹ کے مابین باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

- Advertisement -

راولپنڈی۔ 26 اپریل (اے پی پی):پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی محکمہ اطلاعات وثقافت حکومت پنجاب اور سینٹر فار کلچر اینڈ ڈویلپمنٹ (C2D)/گندھارا ریسورس سینٹر پاکستان کے مابین باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (MOU) پر دستخط کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔یہ معاہدہ دونوں اداروں کے مابین ثقافتی، فنونِ لطیفہ، تحقیق، تربیت اور عوامی آگاہی کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس یادداشت کا مقصد پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا، فنکاروں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا،اور مقامی و بین الاقوامی سطح پر ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔

تقریب میں پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی ڈویژن کے ڈائریکٹر سجاد حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شکور، ا سسٹنٹ ڈائریکٹر سرفراز خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وقار علی ور گندھارا ریسورس سینٹر پاکستان کی ڈائریکٹر سارہ محمود، پروگرام کوآرڈینیٹر ریاض احمد نمائندگان نے شرکت کی۔ دونوں اداروں نے اس معاہدے کو مستقبل کی مشترکہ سرگرمیوں کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا، جس سے نہ صرف فن و ثقافت کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوان نسل میں ثقافتی شعور بیدار کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

- Advertisement -

مفاہمتی یادداشت کے تحت، ورکشاپس، سیمینارز، ثقافتی میلوں، آرٹ ایگزیبیشنز اور دیگر تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ دونوں ادارے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور وسائل کو بروئے کار لا کر باہمی مفادات کو فروغ دے سکیں۔یہ اشتراک دونوں اداروں کے اس عزم کا مظہر ہے کہ فن، ثقافت اور ترقی کے شعبوں میں پاکستان کو ایک روشن مستقبل کی جانب گامزن کیا جائے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588246

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں