پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تعلقات عامہ راولپنڈی ڈویژن تابندہ سلیم کی کتاب” لفظ بولتے ہیں” کی تقریب رونمائی

98

راولپنڈی۔28دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تعلقات عامہ راولپنڈی ڈویژن تابندہ سلیم کی کتاب” لفظ بولتے ہیں” کی تقریب رونمائی پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں منعقد ہوئی، تقریب کی مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت شازیہ رضوان تھیں، تقریب میں سابق صدر آر آئی یو جے عابد عباسی ، سابق پریس سیکرٹری ٹو وزیر اعظم رائے ریاض حسین ، کنٹرولر راولپنڈی بورڈ تنویر اصغر، سی ای او ایجوکیشن راولپنڈی امان اللہ خان و دیگر نے شرکت کی

پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت شازیہ رضوان نے اس موقع پر کہا کہ کتاب انسان کی سب سے اچھی دوست ہے، تابندہ سلیم کی کتاب "لفظ بولتے ہیں” ادب کی دنیا میں اچھا اضافہ ہے، انہوں نے اپنے تجربات کی روشنی میں کتاب میں سماجی معاملات کو احسن طریقے سے قلمبند کیا ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تعلقات عامہ راولپنڈی تابندہ سلیم نے کہا کہ ان کی کتاب "لفظ بولتے ہیں” سماجی اور اخلاقی پہلوؤں کا احاطہ کرتی ہے، بحثیت کالم نگار اور مصنفہ ہمیشہ قلم کے ذریعے معاشرتی اصلاح کی کوشش کی ہے

دیگر مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نوجوانوں میں کتاب بینی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے، تابندہ سلیم کی کتاب "لفظ بولتے ہیں” سماجی اقدار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔