پنجاب اسمبلی کے قواعد و ضوابط انضباط کار میں اہم ترامیم کی منظوری سے پارلیمانی امور میں تسلسل اور کمیٹی چیئرمینوں کے اختیارات میں مزید اضافہ ہوگا، ملک محمد احمد خان

127

لاہور۔9ستمبر (اے پی پی):پنجاب اسمبلی کے ایوان نے دورانِ اجلاس پنجاب اسمبلی کے قواعد و ضوابط انضباط کار میں اہم ترامیم منظور کر لیں۔ ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق تاریخ میں پہلی بار ان ترامیم سے سپیکر کے کچھ اختیارات اسٹینڈنگ کمیٹیوں کو منتقل کیے کئے گئے ہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ترامیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترامیم قانون سازی کے فریم ورک کو جدید بنانے، شفافیت کو بڑھانے اور نگرانی کے موثر نظام کو تقویت دینے کے لیے اہم قدم ہے۔ ترامیم میں سٹینڈنگ کمیٹیوں کو حکومتی پالیسیوں، اخراجات اور عوامی درخواستوں کا جائزہ لینے کے لیے مزید اختیارات دیئے گئے ہیں۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ اب کمیٹیوں کو اسمبلی کے فیصلوں کے نفاذ اور مالی نگرانی میں بھی اہم کردار حاصل ہوگا۔ تمام کمیٹیوں میں خواتین کی لازمی نمائندگی ہو گی۔ قانون سازی کے عمل میں صنفی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ترامیم ہمارے عمل کو ہموار کرنے اور اسمبلی کو عوام کے سامنے زیادہ شفاف اور جوابدہ بنانے میں مدد کریں گی۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی کے قواعد و ضوابط انضباط کار میں ترامیم کی منظوری کے حوالے سے امید ظاہر کی کہ ترمیم سے پارلیمانی امور کے تسلسل اور کمیٹی چیئرمینوں کے اختیارات میں مزید اضافہ ہوگا۔نئے قواعد کے تحت اسمبلی کی کارروائیوں کو لائیو اسٹریم کیا جائے گا۔ تمام کمیٹیوں کی رپورٹس اسمبلی ویب سائٹ پر عوام کے لیے دستیاب ہوں گی۔ سپیکر ملک محمد احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اصلاحات اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ اسمبلی موثر، شفاف اور اعلی ترین طرز حکمرانی کے معیار کے مطابق کام کرے۔ یہ اسمبلی کو عوام کے سامنے جوابدہ اور دیانت داری کے ساتھ خدمت کے قابل بناتی ہیں۔