
لاہور۔5ستمبر (اے پی پی):اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے لئے تمام اضلاع میں قرعہ اندازی،وزیر اعلی مریم نواز نے ڈیرہ غازیخان میں قرعہ اندازی کرکے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا باقاعدہ آغازکر دیا۔مریم نواز نے صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور مقامی عمائدین کی موجودگی میں قرعہ اندازی کے لئے بٹن دبائے۔
ڈیرہ غازی خان میں اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کے لئے قرعہ اندازی میں 185 درخواست گزار کامیاب قرارپائے جبکہ ڈی جی خان میں پہلا نام عبداللطیف نامی شہری کا نکلا،دوسرا نام محمد اعظم، تیسرا مدیحہ قادر اور چوتھے خوش نصیب عبد الستار تھے۔ ڈیرہ غازیخان میں1778 افراد نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے لئے اپلائی کیا۔قرعہ اندازی میں کامیاب افراد کو 15ستمبر تک قرض کی پہلی قسط مل جائے گی۔
وزیر اعلی مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں کامیاب افراد کو مبارکباد دی اور کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ثابت ہوگا،ہر سال ایک لاکھ افراد کو گھر دینے کا ہدف پورا کرنا چاہتے ہیں، ”اپنی چھت اپنا گھر”سکیم میں کوئی سفارش نہیں،سب کو میرٹ پر قرض ملے گا جس کی ماہانہ قسط کرائے کی رقم سے زیادہ نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ 15 لاکھ قرض لینے والے کو بھی ماہانہ 14 ہزار تک اور سات سال میں اصل رقم ہی ادا کرنا ہوگی، شہر میں 5مرلے اور دیہات میں 10 مرلہ تک پلاٹ مالکان قرض لے سکیں گے۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری، صوبائی وزرا شیر علی گورچانی، رانا سکندر حیات، معاون خصوصی ذیشان ملک،ارکان اسمبلی، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، ایڈیشنل آئی جی سائوتھ، کمشنر، ڈی سی اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔